بھٹکل6/نومبر (ایس او نیوز) بھٹکل کے ایلوڈی کوور پنچایت کے علاقے میں سرپن کٹے سے پورورگا تک نیشنل ہائی وے کی توسیع کے ساتھ سروس روڈ تعمیر نہ کرنے اور درمیان میں گاڑیاں موڑنے کے لئے کسی بھی مقام پر سہولت فراہم نہ کرنے سے ناراض مقامی عوام نے سوڈی گدّے کراس پر احتجاجی مظاہرہ کیا۔
احتجاجی مظاہرین کا کہنا تھا کہ بھٹکل تعلقہ کے ہلّارے، بینندور، ہاشی کان، ہیرورو، ایلبارو، کانمدلو جیسے دیہاتوں کے لوگ نیشنل ہائی وے سے جوڑنے والے بینندور کے راستے ہوتے ہوئے اپنے اپنے گاؤں کی طرف آتے جاتے ہیں۔اس کے علاوہ سوڈی گدّے مندر آنے جانے والے ہزاروں بھکتوں کے لئے بھی یہاں سوڈی گدّے کراس سے مندر کی طرف مڑنے کی سہولت درکار ہے۔اس مقام پر سروس روڈ اور بس اسٹاپ نہ ہونے کی وجہ سے عوم کو بہت ہی زیادہ مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔
نیشنل ہائی وے ٹھیکیدار کمپنی آئی آر بی نے نیشنل ہائی وے کی دونوں جانب سروس روڈ کی سہولت فراہم نہیں کی ہے۔حالانکہ سروس روڈ اور ہائی وے پر بعض مقامات پر گاڑیاں موڑنے کی سہولت فراہم کرنے کے لئے گرام پنچایت کی طرف سے تجویز پاس کرنے کے بعد اسے نیشنل ہائی وے اتھاریٹی کو سونپا گیا تھا۔ اس کے علاوہ عوام کی اس ضرورت کو بھٹکل اسسٹنٹ کمشنر اور ضلع ڈپٹی کمشنر کے علم میں بھی لایا گیا تھا۔لیکن کسی نے بھی عوام کی مشکلات پر توجہ نہیں دی ہے، تعمیری کام کو اپنے طور پر آگے بڑھا یا ہے۔ٹھیکیدار کمپنی کے ذمہ دار عوام کی طرف سے مطالبے کے باوجودتعمیری کام کا پلان بھی ملاحظہ کرنے کا موقع نہیں دے رہے ہیں۔یہ عوام پر ایک طرح کا ظلم ہے۔
احتجاجی مظاہرین نے اپنے مطالبات پورے ہونے تک کسی بھی قسم کا تعمیری آگے نہ بڑھانے اور اس میں رکاوٹیں کھڑی کرنے کی ضد پر اَڑ گئے۔ تقریباً دوگھنٹے کے احتجاج کے بعد آئی آر بی کمپنی کے منیجر پرمود ساولکر موقع پر پہنچ کر عوام کے مطالبات کو جائزہ لیا اور ان کی مانگیں پوری کرنے کابھروسہ دلایا۔
اس موقع پر ایلوڈی کوور گرام پنچایت کے رکن لکشمی نائک، موہن نائک، تلسی داس نائک، ناگیندرا نائک، تمیّا نائک اور پی ڈی او ناگراج وغیرہ موجود تھے۔